بھٹکل 10/اگست (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے یلاپور تعلقہ میں گولاپور نامی دیہاتی علاقے میں رہائش پزیر ایک 70سالہ خاتون اوراس کے خاندان کو محکمہ جنگلات کے افسران اور عملے کی جانب سے مسلسل ہراساں کیے جانے کا الزام لگاتے ہوئے جنگلاتی زمین پر بسنے والے لوگوں کے حقوق کے لیے جدوجہد میں مصروف تنظیم نے وزیر اعظم کے نام ایک میمورنڈم دیا۔
’آرنیہ بھومی حقّو ہوراٹاویدیکے‘بھٹکل تعلقہ یونٹ کی طرف سے وزیر اعظم کے نام دئے گئے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ایرمّا دیوراج اچاری نامی خاتون اپنے خاندان کے ساتھ جنگلاتی زمین پر گھر تعمیر کرکے باغبانی کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کررہی ہے۔ اس اتی کرم زمین کو قانونی حقوق دینے کے لئے درخواست بھی دی گئی ہے۔ گزشتہ سال برسات کے موسم میں اس کا گھر پانی میں ڈوب گیا تھا۔گھر کی دوبارہ تعمیر کے لئے راجیو گاندھی رہائشی اسکیم کے تحت اس خاتون کے بینک کھاتے میں ایک لاکھ روپے جمع ہونے کی اطلاع بھی یلاپور کے تحصیلدار کی طرف سے موصول ہوئی ہے۔
اس پس منظر میں جب گھر کی مرمت کا کام شروع ہواتو گزشتہ تین چار مہینوں سے محکمہ جنگلات کے افسران اور گارڈز وغیرہ کی جانب سے اس خاندان کو مسلسل ہراساں کیا جارہا ہے۔اس ظلم وستم پر روک لگانے کے لئے محکمہ جنگلات کے افسران کو قانونی نوٹس بھی دیا جاچکا ہے۔ مگر محکمہ کے افسران پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔
پچھلے دنوں ہوئی مسلسل بارش کے دوران جب اس خاتون گھر اور باغا ت میں پانی بھر گیا تھا، اس وقت محکمہ جنگلات کے عملے پر مشتمل 6-7 افراددرانتیوں کے ساتھ احاطے کے اندر گھس آئے اور 150سے زیادہ کیلے کے درخت کاٹ ڈالے۔ جب انہیں روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے عمر رسیدہ خاتون سمیت گھر والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برسات کے موسم میں جب جنگلاتی علاقوں اور دیہاتوں میں قدرتی آفت سے پریشان ہیں، ایسے میں محکمہ جنگلات کے افسران اور عملے کو وہاں کے مکینوں پر ظلم وستم کرنے سے باز رہنے کی ہدایت کی جائے۔اورمحکمہ جنگلات کے جو افسران یا عملے کے افراد غریب عوام کو ہراساں کررہے ہیں ان کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر ہوراٹا ویدیکے کے ضلع کنوینر دیوراج ڈی گونڈا،پانڈورنگااین نائک، شانتی موگیر، رضوان صدیقہ، محمد سلیم، عبدالقیوم کولا، ہنومنادرگپا نائک اور دیگر اراکین موجود تھے۔